لاہور(عکس آن لائن)نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ ملک کے حالات بہتر ہونے سے دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، موجودہ دور میں بننے والی فلمیں بہترین ہیں اور ان کے ذریعے شائقین دوبارہ سینما گھروں کا رخ کررہے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ موسیقی میری زندگی کالازمی جزو بن چکی ہے اور اگر اسے میرا جنون کہا جائے تو یہ غلط نہ ہوگا،زندگی میں ناکامی اور کامیابی ساتھ ساتھ چلتے ہیں لیکن برے حالات میںمایوسی کا شکار ہونے والے زندگی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
سائرہ نسیم نے کہا کہ بیرون ممالک کے دوروں میں جب مجھے پاکستان کی گلوکارہ کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے تو بڑا فخر محسوس کرتی ہوںاور میری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اپنے ملک کی عزت میں اضافے کا باعث بنوں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ملک کے حالات میں روز برو ز بہتری آرہی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔