بیجنگ (عکس آن لائن)بیجنگ 2022 سرمائی پیرا لمپکس کی اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔چین کے صدر شی جن پھنگ ،وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ ، پارٹی اور ریاستی قائدین سمیت بین الاقوامی پیرا لمپک کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسنز نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
چینی میڈ یا کے مطا بق دونوں اولمپکس ہی شاندار اور دلچسپ رہے ہیں۔ گزشتہ 9 دنوں میں، 46 ممالک اور علاقوں کے تقریباً 600 پیرا ایتھلیٹس نے جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور لطف اٹھایا اور سخت محنت کی، جس میں خود کو بہتر بنانے، پر امیدی اور پیشہ ورانہ جذبے کا مظاہرہ کیا گیا۔ چینی دستے نے 18 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 61 تمغے جیتے اور دونوں اعتبار سے میڈل ٹیبل پر سرفہرست رہا ، سرمائی پیرالمپکس میں شرکت کے بعد سے یہ چین کے بہترین نتائج ہیں۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین چھائی چھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان ناقابل فراموش 9 دنوں میں دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے مضبوط ارادے کے ساتھ پیرا لمپکس کے خواب کو تعبیر کیا،یوں ایتھلیٹس نے ایک پرامید اور پیشہ ورانہ رویے سے خود کو مساوی اور پروقار زندگی گزارنے کے قابل ثابت کیا ہے۔
بین الاقوامی پیرا لمپک کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسنز نے اپنے خطاب میں بیجنگ سرمائی پیرالمپکس گیمز کے انعقاد کو حیرت انگیز، محفوظ، قابل اعتماد اور شاندار قرار دیا جس نے مستقبل کے سرمائی پیرالمپکس گیمز کے لیے ایک معیار قائم کیا ہے۔ انہوں نے بیجنگ سرمائی اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی، چینی پیرا لمپک کمیٹی، چینی حکومت اور تمام چینی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔