فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے سورج مکھی کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ سورج مکھی کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے اسے مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں کیونکہ موسم گرما کی شدت کے باعث سورج مکھی کی فصل پر بیماریوں کا حملہ ہو سکتا ہے جس سے پتوں کے جھلساؤ کے باعث عمل زیر گی رک جاتا ہے اور پیداوار بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ پتوں کے جھلساؤ کی بیماری کی وجہ سے پتوں پر گہرے خاکی اور سیاہ رنگ کے دھبے نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور دھبوں سے ارد گرد کا حصہ بھی خشک ہو جاتا ہے جس کے بعد یہ پتے گر جاتے ہیں۔انہوں نے بتا یاکہ جڑ اور تنے کی سڑن کی بیماری پودے کے تنے کو بھی نقصان پہنچاتی ہے جس سے تنے کا نچلا حصہ سوکھ جاتا ہے اور سورج مکھی کے پھول بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ بیماری یا کسی کیڑے کا حملہ ہوتے ہی اس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔