بہاولنگر(نمائندہ عکس آن لائن) ایکسیئن صادقیہ عمر ابرار شیخ نے ذاتی تعلقات پروان چڑھانے کے لئے محکمانہ وسائل کی بندر بانٹ،نواحی علاقہ بہرام سر میں محکمہ انہار کی سرکاری اراضی پرسابق آئی جی موٹر وے پولیس سلیم بھٹی کے حقیقی بھائی امجد بھٹی کا اپنی پرائیویٹ زمین سیراب کرنے کے لئے غیرقانونی پانی کا بورکرلیا۔محکمہ انہار صادقیہ ڈویژن نے مجرمانہ خاموشی اختیار کرلی۔
علاقہ مکینوں کا زمینیں بنجر ہونے سے بچانے کے لئے احتجاج،تھانہ گھمنڈ پور پولیس نے بھی محکمہ انہار کی خاموشی کے بعد چپ سادھ لی۔تفصیل کے مطابق نواحی علاقہ بہرام سر کے مقامی زمیندار مقبول احمد بھٹی کی قیادت میں علاقہ مکینوں نے محکمہ انہار صادقیہ ڈویژن اور تھانہ گھمنڈ پور پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ انہار صادقیہ ڈویژن کے ایکسیئن عمر ابرار شیخ نے سوچی سمجھی سازش کے تحت امجد بھٹی نامی زمیندار کو زرعی زمین کو پانی لگانے کے لئے ملی بھگت کرکے محکمہ انہار کی سرکاری ملکیتی زمین میں بور کروایا ہے۔جس پر مقامی زمینداروں نے مذکورہ بور کے خلاف مقامی عدالت کے جج جناب زیگم سے عدالتی سٹے آرڈر بھی حاصل کررکھا ہے۔
اس دوران متعدد بار 15ایمرجنسی پولیس اور محکمہ انہار کو باضابطہ اطلاع دی گئی لیکن سرکاری حکام نے کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا۔مقبول احمد بھٹی نے مزید بتایا کہ امجد بھٹی جوکہ ریٹائرڈ آئی جی موٹروے پولیس کا حقیقی بھائی ہے جس کی وجہ سے محکمہ انہار اور تھانہ گھمنڈپور کی پولیس نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔مقبول احمد بھٹی نے میڈیا کے توسط سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر محمد قاسم خان، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں عثمان بزدار،آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی اور سیکرٹری ایریگیشن پنجاب کیپٹن (ر)سیف انجم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہرام سر میں غیر قانونی زرعی بور کو ختم کرکے محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔