بھلوال،کوٹمومن(نمائندہ عکس آن لائن )معصوم طالبہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا درندہ گرفتارتھانہ کوٹ مومن پولیس کو اطلاع ملی کہ 9سالہ مسماة(س) کو نامعلوم ملزم نے زیادتی کے بعد قتل کر دیا ہے اور نعش کنو کے باغ میں پھینک دی ہے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کے نوٹس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھاذوالفقار احمدنے ڈی ایس پی کوٹ مومن سرکل ملک غلام عباس کو فوری قانونی کاروائی کرنے اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا ۔ جنہوں پولیس ٹیم کے ہمراہ ملکر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتارکرلیا ہے ۔
اس سلسلہ میں تھانہ کوٹ مومن میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی کوٹ مومن سرکل ملک غلام عباس نے کہا کہ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آئے روز واسطہ پڑتا ہے اور پولیس ملزمان کو پکڑنے کےلئے معمول کی قانونی کاروائی کرتی ہے ۔
لیکن کچھ جرائم غیر معمولی توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں جو نہ صرف پولیس کےلئے ایک چیلنج ہوتے ہیں بلکہ اس علاقہ میں رہنے والے دیگر لوگوں کے اندرخوف ہراس اور غم وغصہ کا باعث بنتے ہیں ۔ اس طرح کا ایک وقوعہ موضع للیانی تھانہ کوٹ مومن کے علاقہ میں پیش آیا جس میں ملزم نے ایک معصوم طالبہ کو درندگی کا نشانہ بنایا اور قتل کر دیا عوام کے شدید ردعمل کے پیش نظر پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مقدمہ کو حل کرلیا بلکہ امن و امان کی صورتحال کو بھی برقرار رکھا ۔مدعی مقدمہ سیف اللہ کے مطابق وہ اسکے بیٹے چارہ کےلئے فصل دھان کاٹ رہے تھے کہ اس کی چھوٹی بیٹی جو کہ تیسری جماعت کی طالبہ ہے قریب باغ میں کنو توڑنے کےلئے گئی اور واپس نہ آئی تلاش کرنے پر انہوں نے دیکھا کہ ملزم مبشر ولد محمد بشیر قوم لک سکنہ للیانی نے زیادتی کی ہے اور جرسی سے گلہ دباکر ناحق قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مدعی کے بیان پر مقدمہ درج رجسٹر کیا گیا اور تفتیش مقدمہ عمل میں لاتے ہوئے نعش کا پوسٹمارٹم کروایا گیا موقع سے ملنے والی مادی شہادتیں قبضہ پولیس میں لیکر PFSAلیباٹرری لاہور بھجوائی گئیںہیں ۔ملزم کو جلدوروائتی طریقہ تفتیش اپناتے ہوئے گرفتارکرلیا گیا ہے۔ ملزم کو قرار واقعی سزادلوانے کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ والدین اپنے بچوں پر خاص توجہ دیں ان کو اکیلا مت چھوڑیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔ عام مشاہدہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے واقعات زیادہ تر وہ لوگ کرتے ہیں جن سے بچے مانوس ہوتے ہیں لہذا اپنے آس پاس لوگوں پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ایسی مشکوک سرگرمی پر احتیاطی تدابیر اپنائیں