فیصل آباد(عکس آن لائن)صوبہ کے مختلف اضلاع میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت یکم جنوری سے شروع ہو گی جس کیلئے منظور شدہ اقسام کا اعلان کردیاگیاہے ۔سورج مکھی کی کاشت کے شیڈول کے مطابق بہاولپور ، رحیم یار خان، خانیوال ، ملتان ، وہاڑی ، بہاولنگر کے اضلاع میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت یکم جنوری سے 31 جنوری تک ، ڈی جی خان، مظفر گڑھ ،لیہ ،لودھراں ،راجن پور، بھکرکے اضلاع میں 10جنوری سے 10 فروری تک ، فیصل آباد ، جھنگ ، میانوالی ،سرگودھا ، خوشاب ، ساہیوال اور اوکاڑہ کے اضلاع میں 15 جنوری سے 15 فروری تک ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، لاہور، منڈی بہاؤالدین ،قصور ،شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ، نارووال کے اضلاع میں یکم فروری سے 25 فروری تک اور اٹک ، راولپنڈی، گجرات ، چکوال کے علاقوں میں یکم فروری سے 25 فروری تک کی جا سکتی ہے۔
محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ سورج مکھی کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی مطلوبہ تعداد کیلئے بیج کی شرح 20سے25کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکارسورج مکھی کی ہائبرڈ اقسام ہائی سن 33 ، ہائی سن 39 ، ٹی 40318، اگورہ 4، اے جی ایس یو این 5264 سیٹھی ، اے جی ایس یو این 5264 سن کراپ ، یو ایس 666، این کے 278، ڈی کے 4040، 64A93، ایف ایچ 331 وغیرہ کاشت کرکے بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھاری میرازمین سورج مکھی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے تاہم سیم زدہ اور زیادہ ریتلی زمین میں سورج مکھی کی کاشت سے اجتناب کرنا چاہیے۔