اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو من گھڑت الزامات میں غلط سزا سنانے کی شدید مذمت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نام نہاد بھارتی عدالت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو یاسین ملک کو من گھڑت الزامات میں غلط سزا سنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یاسین ملک بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماوں میں سب سے نمایاں آواز ہیں، بھارت یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کرے اور انہیں خاندان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھارت کو یاسین ملک کے ساتھ ہونے والی اس سنگین ناانصافی کو روکنے کی تلقین کریں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین انسانی نتائج ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی بدنام زمانہ تفتیشی ایجنسی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو دہشتگردی کی معاونت اور دیگر جھوٹے مقدموں میں مجرم قراردیا ہے جس پر انہیں کل سزا سنائی جائے گی۔ یاد رہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں پاکستان کے موقف کے حامی رہنما یاسین ملک طویل عرصے سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔