نئی دہلی(عکس آن لائن)بھارت میں کسانوں کے احتجاج کو چھ ماہ مکمل ہو گئے، کاشتکار وںنے مودی حکومت کے خلاف یوم سیاہ منایا۔ ہر کسان کے گھر پر سیاہ پرچم لہرا دیا گیا، خواتین نے مودی سرکار کی ارتھی جلانے کا پلان بنا لیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج چھے ماہ سے مسلسل جاری ہے،گزشتہ روزکاشتکاروں نے مودی سرکار کے خلاف یوم ِ سیاہ منایا۔
سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی اپنے گھر پر کالا جھنڈا لہرا دیا۔ ان کا کہنا تھا مودی سرکار پنجاب کی ترقی کو روکنا چاہتی ہے۔کسان رہنماوں کا کہنا تھاکہ چھ ماہ کے چھے سال بھی لگ گئے، متنازع قوانین رد کروا کر ہی واپس لوٹیں گے۔ دہلی کے ارد گرد غازی پور، سنگھو اور ٹکری بارڈر پر ہزاروں کسان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔کالے قوانین کے خلاف جاری تحریک میں خواتین کسان بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہیں، بھارتی پنجاب میں خواتین نے جگہ جگہ کارنر میٹنگز منعقد کیں۔