سرینگر(عکس آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنماؤں اورتنظیموں نے گزشتہ روزسرینگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر جنید صحرائی اوران کے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ہم جنید صحرائی اور اپنی قوم کے تمام بہادرسپوتوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں جو آزادی کے مقصد کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وباپر قابو پانے میں مصروف ہے، تو بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے۔انجمن شرعی شیعیان نے جنید صحرائی اوران کے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ صحرائی خاندان نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر میں گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔پارٹی ترجمان نے محمد اشرف صحرائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ثابت قدم رہے۔
اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہادتوں کا یہ اٹوٹ سلسلہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ کشمیری بھارتی قبضے کو کسی صورت قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی محمد عمران نے کہاکہ جب بھی جموں وکشمیر کی تاریخ لکھی جائے گی تو اْس میں صحرائی خاندان کانام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جموں و کشمیر سے ذلیل و رسوا ہو کر نکلے گا اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا کیوں کے جموں وکشمیر کا بچہ بچہ اب برہان وانی، ریاض نائیکو اور جنید صحرائی بن چکا ہے۔
جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کا ہر نوجوان جنید صحرائی بن چکا ہے اور بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتے۔ ینگ مینز لیگ کے وائس چیئرمین زاہد اشرف نے کہا کہ شہید کمانڈر اس سرزمین کے سچے بیٹے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے مشن کو اس کی کامیابی تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود نے بھی ایک بیان میں جنید صحرائی اور ان کے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش اپنی قوم کو غیر ملکی فوجی قبضے سے آزادی دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اورقوم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مقدس مشن کو ہر صورت میں جاری رکھاجائے۔بھارتی فوجیوں نے جنید صحرئی کو منگل کے روز سرینگر کے علاقے نواکدال میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران اپنے ایک ساتھی طارق احمد کے ہمراہ شہید کردیا تھا۔ فوجیوں نے کارروائی کے دوران کم از کم سترہ مکانات کو تباہ کردیا اور نقدی اورزیورات سمیت دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی تھیں۔