اسلام آباد(عکس آن لائن )وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک پیغام ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان جبکہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر لڑ رہے ہیں ،حقیقت میں بھارت دہشتگرد او ر نریندر مودی نئے دور کا ہٹلر ہے، مسئلہ کشمیر پر دو ایٹمی طاقتیں ٹکرا سکتی ہیں اس لئے دنیا کو خبردار کر رہے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں تین بار سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہو ئی ہے اور سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میںہونے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک پیغام ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان جبکہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر لڑ رہے ہیں ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ حقیقت میں بھارت دہشتگرد او ر نریندر مودی نئے دور کا ہٹلر ہے، مسئلہ کشمیر پر دو ایٹمی طاقتیں ٹکرا سکتی ہیں اس لئے دنیا کو خبردار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال میں مسئلہ کشمیر کو کبھی اس طرح اجاگر نہیں کیا گیا جیسا اب کیا گیا ہے،مراد سعید نے کہا کہ کشتیاں جلا چکے، اب کشمیر کو آزاد کرا کے رہیںگے، بھارت سے بھی آواز آر ہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے، کوئی کشمیری شہید ہوتا ہے تو اسے سبز ہلالی پرچم میں دفنایا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہرطبقے کے شہری سے درخواست ہے کہ آپس کے اختلافات بھول جائیں اور کشمیر کی بات کریں، نریندر مودی نے اپنی تباہی اور بردبادی کے پروانے پر دستخط کئے ہیں