نئی دہلی(عکس آن لائن) بھارتی حکومت نے ایئرانڈیا کے سو فیصد شیئر ز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ایک سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ‘اسٹریٹجک سرمایہ کاری’ کے تحت ‘ایئر انڈیا اورایئر انڈیا ایکسپریس کے100 فیصد اور ‘اے آئی ایس اے ٹی ایس’ کے 50 فیصد شیئرز فروخت کئے جائیں گے،اس کے علاوہ انتظامی کنٹرول کا حق بھی کامیاب بولی لگانے والے کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔
بولی کے لیے 17 مارچ تک کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ہی میں ‘ایئر انڈیا’ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اشونی لوہانی نے کہا تھا کہ ‘کمپنی کی بندش سے متعلق افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، سرکاری ایوی ایشن کمپنی ایئر انڈیا کی پروازیں ہوتی رہیں گی اور آپریشنل توسیع بھی کی جائے گی۔مسافرہو، کارپوریٹ یا ایجنٹ ہو کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایئر انڈیا اب بھی ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن ہے۔
اس سے قبل مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ‘ایئر انڈیا کو فروخت کرنے کا عمل جاری ہے اور اب اس کی نجکاری کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ ہردیپ پوری نے کہا کہ تھا کہ انکم ٹیکس ادا کرنے والوں کے پیسوں کا صحیح استعمال کیا جانا چاہیے۔’ایسی صورتحال میں اب وقت آگیا ہے کہ حکومت یہ دیکھے کہ اسے کتنے دن جاری رکھا جاسکتا ہے، مرکزی ہوا بازی کے وزیر کے مطابق ایئر انڈیا ایک قومی اثاثہ ہے، یہ ایک بہت بڑا برانڈ ہے اور اس کا حفاظتی ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے’۔