نادیہ خان

بھارتی عوام ہمارے اسٹارز سے عشق کرتی ہے،نادیہ خان

کراچی (عکس آن لائن)پاکستانی اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے مقبول اداکار پاکستانی اداکاروں کی اداکاری اور بھارت میں مقبولیت دیکھ کر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔

اداکارہ نادیہ خان کا نجی ٹی وی چینل کے شو میں دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں پاکستانی اداکاروں کی بھارت میں مقبولیت اور بالی وڈ خانز کے عدم تحفظ کے حوالے سے بات کرتے دیکھا گیا۔نادیہ خان نے کہاکہ جب پاکستانی اداکار بھارت میں مقبول ہونے لگے اور فواد وغیر ہ وہاں جاکر کام کرنے لگے تو بھارت کے کچھ بہت بڑے اداکار پاکستانی اداکاروں سے ڈر گئے جس کے بعد سیاسی مسئلہ بناکر پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگادی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکاروں سے صرف سیاستدانوں کو ہی مسئلہ نہیں تھا بلکہ بھارت کے مقبول اداکار بھی پاکستانی اداکاروں سے ڈر گئے تھے اور ان اداکاروں کو یہ ڈر نہیں تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو بھارت میں فلمیں آفر ہونا شروع ہوجائیں گی بلکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ بھارتی عوام پاکستانی اداکاروں کو دیکھ کر ان کی دیوانی ہوجائے گی۔نادیہ خان کا کہنا تھاکہ یہ اداکار سوچنے لگے تھے کہ پاکستانی اداکار اداکاری کے دوران نہ تو اپنی ‘باڈی’ دکھاتے ہیں نہ فائٹ سین کرتے ہیں یہ تو آنکھوں سے کام کرتے ہیں، ان کی ڈائیلاگ ڈیلیوری اچھی ہے، اردو صاف ہے جس سے بھارتی اداکار خوف زدہ ہوگئے اور انہوں نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگوادی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ بھارتی عوام ہمارے اسٹارز سے عشق کرتی ہے، حالیہ وقت میں وہاج علی اور بلال عباس کی اداکاری سے بھارتی عوام ان کی دیوانی ہوگئی، بھارت میں ڈرامہ بنانے والے بھی سمجھ گئے ہیں کہ یہ ہماری ضرورت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بالی وڈ خانز (شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان) ڈر گئے کہ اگر یہ پاکستانی اداکار انڈسٹری میں آئیں گے تو ان کا کیا ہوگا کیونکہ پاکستان میں جتنی عمر کے نوجوان اداکار موجود ہیں، بالی وڈ میں اس عمر میں اداکار نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں