اسلام آباد( عکس آن لائن ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے،بہادرکشمیری خواتین کوسلام پیش کرتے ہیں۔
جنہوں نے بھارتی ظلم وجبرکے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے، مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے،بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے۔بھارتی مرد وخواتین سڑکوں پر احتجاجاً موجود ہیں۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23فروری،یوم مزاحمت نسواں کشمیرکادن مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کاسیاہ ترین دن ہے۔
بھارتی قابض افواج نے نہتی،بے گناہ اور بے یار و مدد گارخواتین کی اجتماعی بے حرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔بہادرکشمیری خواتین کوسلام پیش کرتے ہیں۔جنہوں نے بھارتی ظلم وجبرکے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا۔ ان ماوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دئیے۔
بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے۔کوئی جبرواستبداد انہیں حق خودارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے۔بھارتی مرد وخواتین سڑکوں پر احتجاجاً موجود ہیں۔ شاہین باغ کا احتجاج 60ویں دن میں داخل ہوچکا ہے، جہاں ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔