ممبئی (عکس آن لائن) بھارت کی خاتون کرکٹر بابر اعظم کی بیٹنگ کی دیوانی نکلیں، جمیمہ روڈریگس کو پاکستان کے اسٹار بیٹسمین کی کور ڈرائیو بہت پسند ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور آئی سی سی رنکنگ میں سرفہرست بابر اعظم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے بھارت کی کرکٹر جمیمہ روڈریگس کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم کی بیٹنگ بے حد پسند ہے ایک انسٹاگرام براہ راست چیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ خصوصاً بابر اعظم کی کور ڈرائیو بہت خوبصورت ہوتی ہیں جنہیں دیکھ کر میں بہت انجوائے کرتی ہوں۔واضح رہے کہ اس سے قبل لیجنڈری وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے بھی بابراعظم کو حیران کن صلاحیتوں کا مالک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان بیٹسمین نے مجھے کئی طرح سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں کمار سنگاکارا نے کہا کہ بابر اعظم کی صلاحیتوں نے حیران کردیا ہے، میں بابر اعظم کو کافی عرصے سے دیکھ رہا ہوں اور کراچی کنگز میں ان کے ساتھ کھیل بھی چکا ہوں، یہ ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں۔