نئی دہلی(عکس آن لائن) بھارتی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ٹرسٹ تشکیل دینے کا اعلان کیا۔
مودی نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں ٹرسٹ کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور کابینہ رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں ایک جامع پلان بناچکی ہے۔بھارتی وزیراعظم نے لوک سبھا میں رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے ٹرسٹ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کو شری رام جنم بھومی تیرتھا کشیرتا کا نام دیا گیا ہے جو مندر کی تعمیر کے معاملے اور اس سے متعلقہ مسائل پر آزادانہ فیصلے کریگا۔بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی روشنی میں لیا گیا ہے۔مودی نے بتایا کہ اترپردیش کی حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین فراہم کرنے پر رضا مند ہے۔