لاہور(عکس آن لائن)ذکااشرف نے بنگلادیش کیخلاف قانونی جنگ چھیڑنے کی مخالفت کر دی۔دورہ پاکستان کے معاملے میں ٹال مٹول سے کام لینے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، اس ٹور کے حوالے سے کوئی فیصلہ جلد متوقع ہے، البتہ سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اس کی مخالفت کر دی۔انھوں نے کہاکہ ایسا کوئی فیصلہ دانشمندی نہیں ہوگی۔
بورڈ کے سابق سربراہ نجم سیٹھی نے بھارت کیخلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں جانے کا فیصلہ کیا تب بھی میں نے مخالفت کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے میں لکھا تھا کہ اگر حکومت اجازت دے گی تو پاکستان کے ساتھ میچز کھیلیں گے۔اس کے باجود کیس دائر کرکے کروڑوں روپے کا نقصان اٹھایا گیا، بنگلادیش کے معاملے میں ایسا کوئی قدم اٹھانا مناسب نہیں،ہم ہر ملک کے ساتھ لڑائی نہیں کرسکتے، بی سی بی سے بات چیت سے راستہ نکالنا ہوگا۔ اگر وہ فی الحال ٹی ٹوئنٹی یا ون ڈے میچز کھیلنا چاہتے ہیں تو انھیں آنے دیں اور آئندہ دورے میں ٹیسٹ کھیلنے کا وعدہ لے لیں۔ایک سوال پرذکااشرف نے کہا کہ پی سی بی میں چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ متعارف کرانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، احسان مانی تجربہ کار بزرگ ہیں وہ معاملات خود سنبھالیں، پی سی بی میں ایک بڑا اور دوسرا چھوٹا چیئرمین ہونا درست فیصلہ نہیں، چیف ایگزیکٹیو کی بھاری تنخواہ پر بھی بورڈ کے وسائل ضائع ہورہے ہیں۔