فیصل آباد(عکس آن لائن) محکمہ زراعت فیصل ۱ٓباد نے ڈویژن بھر کے بند گوبھی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کے لئے فصل کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فصل کی بوائی کے شروع میں اسے ایک ایک ہفتہ کے وقفہ سے 2 سے 3 مرتبہ پانی دیا جائے جبکہ بعد ازاں آبپاشی کا وقفہ بڑھا کر 15دن کر دیا جائے تاکہ فصل کو بڑھنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ کے ترجمان نے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی اشد ضروری ہے جس کیلئے بروقت گوڈی کرنی اور پودوں پر مٹی چڑھا دینی چاہیے تاکہ فصل کا اگاؤ متاثر نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ اگر جڑی بوٹیوں کی تلفی کے دوران مرے ہوئے پودے نظر آئیں تو انہیں نکال کر نئے پودے لگا دینے چاہئیں تاکہ وقت ، پانی ، کھادوں ، سپرے کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات و رہنمائی کیلئے کسی بھی وقت محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے مشورہ کیا جا سکتا ہے۔