اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بلے سے متعلق تحریک انصاف کے خلاف کوئی فیصلہ دیا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے باہر بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کی مقبول ترین جماعت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی تو یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہوگی۔ گوہر خان نے کہا کہ پارٹی کے اندرون معاملات سے اکبر ایس بابر کا کوئی تعلق نہیں، اکبر ایس بابر پلانٹڈ آدمی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 20 دن میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں، ہم نے کرا دئیے۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ قانون کے مطابق کیا گیا اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے 40 سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔