اسلام آباد (عکس آن لائن ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنائے گئے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل عہد وفا کی آخری قسط کی سینما گھروں میں نمائش کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ شائقین بک اِٹ نا اور دیگر سینماں کی ویب سائٹس سے ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔دوسری جانب عہد وفا کی آخری قسط کے ٹریلر نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
مذکورہ ڈرامہ سیریل کی آخری قسط کے ٹریلر کو صرف یوٹیوب پر 50 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ ایم ڈی پروڈکشنز اور آئی ایس پی آر کی اس مشترکہ پیشکش کو عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی ملنے کے بعد عہد وفا کی آخری قسط کو سینما گھروں میں دکھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 27 فروری کو سہ پہر 3 بجے عہد وفا کی آخری قسط کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا۔
وطن کی مٹی سے کیے گئے عہد وفا کی داستان ڈرامہ سیریل عہد وفا میں دوستی کے لازوال جذبے اور وطن سے محبت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔اس غیرروایتی ڈرامے کے اچھوتے موضوع، جاندار اداکاری اور سماجی حقائق کی عکاسی نے عوام میں اس ڈرامے کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے۔
سینما گھروں میں عہد وفا کی آخری 14قسط مارچ 2020 کو دکھائی جائے گی جب کہ ٹی وی کے ناظرین 15 مارچ کو اس ڈرامے کی آخری قسط دیکھ سکیں گے۔