اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے نامور صحافیوں کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینے اور نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو گالیان دینے کے ٹرینڈز حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانے کیلئے ایک اور حملہ ہے.
کورونا وائرس کے بدترین چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمیں یکجا ہونے کی ضرورت ہے، ہم اس نازک موڑ پر فروحی سیاست اور سیاسی الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گالیاں دے کر صحافیوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ یا تو وہ خاموش رہیں یا خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت اور تحریک انصاف مخالف آوازوں کی ٹرولنگ کے بجائے کورونا پر توجہ دیں، اتنی محنت کورونا پر بیداری کیلئے کی جائے تو وقت اور وسائل کا درست استعمال ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ان غیر معمولی حالات میں ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کے بدترین چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمیں یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اس نازک موڑ پر فروحی سیاست اور سیاسی الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے، جمہوری نظام میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ انسانی تاریخ کے اس بدترین بحران میں میڈیا نے دنیا بھر میں حکومتوں کو ان کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جا سکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہئے، یاد رکھیں کہ پاکستان کے صحافیوں کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی ایک لمبی تاریخ ہے۔