اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے حوالے سے عالمی اداروں کے فنڈز کا وزیراعظم سے حساب مانگ لیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے سوال کیاکہ کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے آئی ایم ایف نے پاکستان کو سوا ارب ڈالر دیئے، وہ امداد کہاں خرچ ہوئی؟ ۔ انہوںنے کہاکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دی، بتایا جائے کہ یہ فنڈ کن منصوبوں پر لگایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان بتائیں کہ کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے انہوں نے ورلڈ بینک کے 200 ملین ڈالر کہاں خرچ کردیئے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کے کرونا ریلیف فنڈ میں پاکستانیوں نے جو اربوں روپے جمع کروائے، ان فنڈز کو کہاں خرچ کیا گیا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران جمع ہونے والے فنڈز میں گھپلوں کو چھپانے کیلئے آڈیٹر جنرل رپورٹ کو روکا ہوا ہے۔
انہوںنے کہاکہ کرونا وائرس کے کھربوں روپے کے مالیاتی پیکج میں گھپلوں پر قوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت آڈیٹر جنرل رپورٹ کے اعدادوشمار میں ہیرپھیر کی کوششوں کو بند کرکے فی الفور آڈٹ رپورٹ کا اجرا کرے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے بدترین بحرانوں کے دوران پی ٹی آئی کے کرپشن اسکینڈل لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے،ملکی معیشت کی تباہی کی ایک وجہ عمران خان کی سرپرستی میں لوٹ مار کرنے والی مافیا کی کرپشن بھی ہے۔