کراچی(عکس آن لائن ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کی کرپٹ حکومت نے زیادہ ٹیکس لگا کرعوام کی جیبوں پر اربوں روپے کے ڈاکے کا منصوبہ بنالیا۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے تنخواہ دار طبقے پر 150 ارب روپے کا انکم ٹیکس لگانے کے آئی ایم ایف کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2021 میں عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال کر مخصوص سرمایہ داروں کو ایمنسٹی دی گئی ہے، غریب کی معاشی کمر توڑنے کے لئے عمران حکومت نے پنشن اور پروویڈنٹ فنڈز تک پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کے اقدامات کی بدولت ہوٹل ملازمین کو اب دوران ملازمت ٹیکس فری کھانا نہیں ملے گا، وفاقی حکومت کے بجٹ کے بعد تعلیمی اداروں کے ملازمین اب اپنے بچوں کو رعایتی یا مفت تعلیم دلانے سے قاصر رہیں گے، ریاستِ مدینہ کا نعرہ لگا کر عمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی سلطنت قائم کرلی، عمران خان ظالم بادشاہ کی طرح ناقابل برداشت ٹیکسوں سے اشرافیہ کی عیش کا سامان پیدا کر رہے ہیں۔