ممبئی (عکس آن لائن) بالی ووڈ اسٹار مادھوری ڈکشٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ برقع پہن کر گانا ایک دو تین دیکھنے تھیٹر گئی تھیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مادھوری ڈکشٹ اپنی نئی سیریز کی تشہیر کے لیے معروف بھارتی کامیڈی شو دی کپل شرما شو میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں اور ان کے ساتھ اداکار سنجے کپور بھی تھے کیونکہ وہ بھی اس سیریز کا حصہ ہیں جبکہ یہ سیریز 25 فروری کو ریلیز ہوگی۔
اسی شو کے دوران مادھوری ڈکشٹ نے ماضی کا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی مجھے بتا رہا تھا کہ میرا گانا ایک، دو، تین بہت مقبول ہورہا ہے اور اسے تھیٹر میں بڑی اسکرین پر دیکھنے میں زیادہ مزہ ہے تو میں نے فیصلہ کیا کہ میں بھی تھیٹر جا کر اسے دیکھوں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ میں تھیٹر کی اسکرین پر گانا ایک، دو، تین کے آنے کا انتظار کر رہی تھی اور جیسے ہی گانا شروع ہوا، ہم اگلی صفوں پر بیٹھے تھے اور ہمارے پیچھے سے، لوگ اسکرین کی طرف سِکے پھینک رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے پھینکے گئے سِکے میرے سر پر آکر گِرے۔