ورچوئل نمائشوں

برآمدکنندگان کے عالمی خریداروں سے رابطوں کیلئے ورچوئل نمائشوں کا انعقاد کیا جائے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور/فیصل آباد/سیالکوٹ ( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کورونا وباء میں برآمد کنندگان کی غیر ملکی خریداروں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوںکو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ،کورونا وباء کی وجہ سے نئے رجحانات فروغ پا رہے ہیں اورہمیں دنیا سے قدم سے قدم ملا کر چلنے کیلئے ان کی پیروی کرنا ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سعید خان، اعجاز الرحمان، محمد اکبر ملک ، میجر (ر)اخترنذیر ،دانیال حنیف ،فیصل سعید خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ریاض احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے متعد د نمائشیں ملتوی یا موخر کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے برآمدکنندگان اور درآمد کنندگان کے درمیان رابطوں کافقدا ن رہا ہے ۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کومقامی مصنوعات کے برآمدکنندگان کے عالمی خریداروں سے رابطوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ورچوئل نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کو کردار سونپا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور حکومت کو موثراور قابل عمل تجاویز دینے اور بھرپور ساتھ دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں