لاہور (عکس آن لائن) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیرنے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے برآمدکنندگان کو 200ارب کے قرضے اور 30ارب کیش ریفنڈ سے ملکی برآمدات بڑھیں گے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک کو معاشی استحکام حاصل ہوگا۔میاں نعمان کبیر نے وائس چیئرمین پیاف ناصر حمید خان اور جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برآمد کنندگان ریفنڈز کی عدم ادائیگی سے سرمایہ کی کمی کا شکار ہیں اور اس کے باعث ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو رہااب سرمائے کی فراہمی سے وہ خوشدلی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے دلجمعی سے خدمات سرانجام دینگے ۔اعلان کردہ ریلیف پیکج جلد از جلد برآمد کننگان کو دیا جائے۔
میاں نعمان کبیر نے پنجاب حکومت کی طرف سے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اجراء کا بھی خیر مقدم کیا۔ انھوںئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے گا اس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا اور نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا ۔
پروگرام کے تحت کاٹیج انڈسٹریز کیلئے 30کروڑ مختص کیے گئے ہیں اور اس شعبہ میں3لاکھ تک قرضہ دیا جائے گاقرضے کی واپس 3برس میں ہوگی، سمال انٹرپرائزز کیلئے 6ارب مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت30لاکھ تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا ،لون مارک سپورٹ پروگرام کیلئے 3ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرضہ ملے گاجو خوش آئند اقدام ہے اب کسی کونئے کاروبار کیلئے،کاروبار میں توسیع کیلئے سرمایے کی فراہمی میں کمی نہیں ہوگی اور صوبے بھر میں نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کیلئے لاکھوں مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے صوبہ میں بے روزگار ی کا خاتمہ ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں ہوشربا مہنگائی کو کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرے جن میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے سلسلہ کو ختم کیا جائے کیونکہ اس کے باعث پیداواری لاگت میں کمی اضافہ سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے اس لیے حکومت بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے ان میں کمی کے اقدامات کرے تاکہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکے۔