افتخار بشیر

برآمدات کے فروغ سے ملکی معیشت مستحکم و زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوگا ، افتخار بشیر

لاہور (عکس آن لائن) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ سے ہی ملکی معیشت مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا،برآمدات میں اضافہ ہوگا تو حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باوجود پاکستانی اشیاء کی برآمدات میں مسلسل 2ماہ سے منفی نمو دیکھی گئی ہے جبکہ حکومت اقدامات ابھی تک نہیں اٹھائے گئے۔پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق برآمدات میں کمی گزشتہ برس دسمبر سے ہونا شروع ہوئی جب یہ 3.8فیصد تک گرگئی اور جنوری2020میں برآمدات منفی 3.17فیصد ہوکر ایک ارب97کروڑ ڈالر ہوگئی جبکہ گزشتہ برس کے اسی ماہ کے دوران یہ 2ارب 3کروڑ ڈالر تھیں۔ جبکہ مہنگائی میں بھی بے تحاشاہ اضافہ ہورہا ہے جس سے عوام کی قوت خرید متاثر ہورہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جس میں سب سے زیادہ اہم حصہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی لانا ہے جس کیلئے حکومت صنعتی شعبہ میں بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کرے اور صنعتی شعبہ کیلئے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے ۔ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لیے مستحکم مارکیٹوں میں برآمداتی روابط کو فروغ دیا جائے اور اس مقصد کیلئے اختراعات اور مسابقت کی سرپرستی کرتے ہوئے مقامی پیداوار کا معیار بلند کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اتنی مستحکم نہیں کہ وہ دنیا میں جاری معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکے معاشی خودانحصاری کیلئے برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کیے جائیں اور پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے بیرون ملک سفارتی و تجارتی مشنز کو فعال کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں