لاہور (عکس آن لائن)قومی کرکٹر شاہنواز دھانی نے دوران میچ خاتون فین کی جانب سے بار بار بلانے اور آٹو گراف لینے کے لیے پیش آنے والا دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اس لڑکی کو آٹوگراف نہیں دے پایا۔قومی کرکٹرز شاہنواز دھانی اور شان مسعود حال ہی میں نجی ٹی وی شو کے میں شریک ہوئے جس دوران شاہنواز دھانی نے ون ڈے میچ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ قصے سے پردہ اٹھایا۔
شاہنواز دھانی نے بتایا کہ ون ڈے میچ کے دوران ایک لڑکی کے ہاتھ میں پلے کارڈ تھا جس پر میری تصویر تھی اور کیپشن درج تھا کہ مجھے دھانی کا آٹوگراف چاہیے اس میچ میں سکیورٹی ایشوز کے باعث ہمیں اجازت نہیں تھی کہ ہم فین کے پاس جاکر انہیں آٹوگراف دے سکیں یا پھر ان سے ملاقات کرسکیں۔دھانی نے بتایا کہ وہ لڑکی بار بار مجھے دیکھ کر کہہ رہی تھی کہ دھانی پلیز آٹوگراف ، پلیز آٹوگراف اور میں انہیں بار بار چپ کروارہا تھا کیوں کہ ڈسٹربنس ہورہی تھی، میں نے لڑکی کو یہ بھی بتایا کہ سکیورٹی ہمیں اجازت نہیں دے رہی۔
کرکٹر نے کہا کہ میں نے لڑکی کو یقین دلانے کی بھی کوشش کی کہ انتظار کریں آٹوگراف ضرور دوں گا، میں نے سکیورٹی سے بھی کہا تو انہوں نے کہا کہ 50 اوور کی اننگز کے بعد میں آٹوگراف دے سکتا ہوں لیکن بدقسمتی سے میں اس لڑکی کو آٹوگراف نہیں دے پایا۔