لاہور ( عکس آن لائن) ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بدترین معاشی حالات میں مارکیٹیں جلد بند کرنا عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے،نا اہل حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انکے کاروبار بند کر رہی ہے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے توانائی بچت پلان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے آئین سٹائن اسحاق ڈار نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے، تیرہ رنگی حکومت عوام کے سامنے بالکل ایکسپوز ہو گئی ہے۔
ملکی برآمدات سوا تین ارب سے کم ہو کر سوا دو ارب روپے رہ گئی ہیں۔ فیاض چوہان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ 5 فیصد تھا جو آٹھ ماہ میں 90 فیصد ہو گیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت نمائشی اقدامات چھوڑے اور اپنے شاہانہ طرز حکومت پر غور کرے، ایک طرف بیروزگاری بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف معاشی حالات ابتر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد انتخابات نہ ہوئے تو یہ لوگ ملک کو ناچ نوچ کر کھا جائیں گے۔ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو عمران خان کو واپس اقتدار میں لانا ہوگا۔