لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کورونا وباء کی لہر میں شدت آنے کے بعد تاجروں اور خریداروں سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے ملک کی بقاء کا سوچنا ہے ، مقررہ اوقات کے بعد یا کاروبار بندش کے دنوںمیں شٹر گرا کر کاروبار نہ کیا جائے کیونکہ اس سے کورونا ایس او پیز سبوتاژ ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، نعیم بادشاہ ، شہزاد بھٹی ، حافظ عطا جٹ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ کورونا وبا ء کی لہرنے انتہائی شدت اختیار کر لی ہے اس لئے تاجروں اور خریداروں کو حکومت کے مرتب کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے ۔بغیر ماسک مارکیٹوں او ربازاروں میں آنے والوں کو ہرگز سامان فروخت نہ کیا جائے اور خرید و فروخت کے دوران سماجی فاصلوں کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں احتیاط نہ برتنے کی وجہ سے جو خطرناک صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ ہمارے سامنے ہے اس لئے ہمیں اپنے ملک اور اس کی عوام کے بارے میں سوچنا ہے ۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ مشکل کے اس وقت میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خدا کی ذات سے رحم طلب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے متحرک انتظامیہ ،پاک فوج اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔