لاہور( عکس آن لائن)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ بجلی کی رعایت ملکی صنعتوں کو اضافی اخراجات سے بے نیاز کر دیگی،صنعتی پہیہ چلنے سے روز گار کے مواقع بڑھیں گے اور برآمدات میں اضافہ ہو گا،صنعت کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو بھی مہنگائی میں خصوصی ریلیف دیکر اسے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جائے اور جس طرح صنعتوں کیلئے بجلی کی پیک آور قیمت ختم کی گئی ہے اسی طرح عام صارفین کو بھی بجلی کے بلوں میں مختلف سلیبز کے تحت اور اسی طرح غیرضروری ٹیکسوں کی مد میں بڑھنے والی قیمت سے چھٹکارا دلایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے آئے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی سستی ہونے سے صنعتیں چلیں گی،بر آمدات میں اضافہ ہوگا، ملک میں پیسے آئیں گے،دولت میں اضافہ اور روپے کی قدر مضبوط ہوگی،
جس کے نتیجے میں ہم اپنے قرضوں کی ادائیگی کرسکیں گے۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کی گنجائش ہے اور بہتری ہوتی نظرآ رہی ہے،معیشت درست سمت چل پڑی ہے،گاڑیوں، سیمنٹ موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ میں اچھا خاصا اضافہ ہو رہا ہے،ٹیکسٹائل کے حوالے سے اگلے ماہ تک آرڈر بک ہیں ۔اب ایک تو بجلی سستی ہو گئی ہے دوسرے ڈالر بھی نیچے آرہا ہے ایسے میں ملک کی چھوٹی صنعتوں کو جو اکانومی کا 35 فیصد حصہ ہیں اور ایکسپورٹ میں ان کا 6 سے 7 ارب ڈالر کا کنٹری بیوشن ہے بہت فائدہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدا کرے کہ ملک سیاسی استحکام کا شکار رہے، جو صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے،حکومت کے سارے کل پرزے عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دیں اور معاشی ترقی و استحکام کے ثمرات سے عام آدمی مستفید ہو کہ یہی کسی ریاست کا بنیادی فرض ہے۔