لاہور (عکس آن لائن) سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جیل ٹرائل کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔عدالتی حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن کے وکیل نے جیل ٹرائل کا 8 دسمبر کا نوٹیفکیشن پیش کیا، وکیل نے درخواست میں ترمیم کے لیے مہلت کی استدعا کی، بعد ازاں عدالت نے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ 9دسمبر کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت اوپن اور فری اینڈ فیئر ٹرائل کا حکم جاری کرے۔