راولپنڈی (عکس آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی )کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل کرلیا گیا ہے ، یہ بانی پی ٹی آئی کا اختیار ہے کون سے کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے، کسی ادارے یا سیاسی جماعت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،، مولانا فضل الرحمان سے بات چیت جاری ہے، امید ہے ہم اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے ہوجائیں گے، عمران خان کی رہائی بہت جلد ہوگی۔
منگل کے روزاڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سلمان اکرم اور شیرافضل مروت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کا نام عمران خان نے مشاورت کے بعد فائنل کیا ہے۔ آج صرف 5 وکلا کو عمران خان سے ملنے دیا گیا، ہم نے کبھی اپنے مفاد کی پروا نہیں کی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے اور عمران خان کی رہائی بہت جلد ہوگی، بانی پی ٹی آئی کیخلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے،کوشش کر رہے تھے عید سے پہلے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی ہوجاتی، کیسز قانون کے مطابق چلے تو سابق وزیراعظم مئی میں جیل سے باہر آجائیں گے اور بہت جلد پھر عوام میں ہوں گے۔ ہماری کسی سے بات چیت نہیں ہورہی۔ اگر کوئی مذاکرات ہوئے تو میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، ہمیں جلسوں کی اجازت بھی نہیں دیتے اور کہتے ہیں شکوہ بھی نہ کریں، تحریک انصاف ایک بڑی جماعت ہے ، مولانا فضل الرحمان سے بات چیت جاری ہے، امید ہے ہم اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے ہوجائیں گے، الائنس کو مکمل کرنے کے ہم بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بہترین انداز میں ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ ہم نے تمام پوزیشنز کے فیصلے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر کیے ہیں۔ ہم نے خیبرپختونخوا حکومت اورتمام پوزیشن پر فیصلے مشاورت سے کیے ہیں۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، عبدالعلیم خان فارم 45 کے مطابق الیکشن ہار چکے ہیں۔