اسلام آباد ( عکس آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو انہیں جیل میں نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے سیاست میں جو کچھ کیا وہ خود بھگت رہے ہیں ۔
سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت پر آئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس کی سماعت پر پہنچے ہیں ہم سمجھتے ہیں تاریخ کو مسخ نہ کیا جائے بلکہ ہم تاریخ کو درست کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو ایک کلپ چلایا گیا، آمریت میں امر کی ایک کیس میں دلچسپی تھی، ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کا جس طرح فیصلہ کرایا گیا، تاریخ اس کی گواہ ہے، امید ہے کہ بارہ سال بعد اس کیس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ضرور ملے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کیلئے موقع ہےکہ اپنے ادارے سےداغ کودھوئے، بھٹو کیس کی آج تک مثال نہیں دی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گزشتہ ہفتے سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق منظور کی گئی قرار داد پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام ووٹ ڈالنے کی تیاری کریں، اقوام متحدہ سےبھی قراردادپاس کروالیں،الیکشن 8فرور ی کو ہوں گے،چیف جسٹس کہہ چکے ہیں کہ پتھر پرلکیر ہے کہ 8فروری کوالیکشن ہوں گے، چیف جسٹس کی بات میں زیادہ وزن ہے یاچند سینیٹرز کی۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تو خود کہتے تھے کہ ادارے آزاد ہیں، اب وہ اپنی صفائی خود پیش کریں، سیاست میں جوروایت ڈالی گئی، بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی پڑےگی، سب سے زیادہ کاغذات 2013میں مسترد ہوئے،جب بانی پی ٹی آئی کو لانچ کیا جارہا تھا، ہمیں اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں ،رویہ درست کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ذاتی انا کی سیاست کو دفن کرکے بہتر مستقبل کا بندوبست کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کا اب مؤقف آنا چاہیے کہ سارے سیاستدانوں کو اس طرح سزا ملنی چاہیے؟
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج جو ہورہا ہے وہ ماضی سے زیادہ برا نہیں ہورہا، ماضی میں آج سے زیادہ برا ہوا ہے، چاہتا ہوں تمام سیاسی جماعتیں تاریخ سے سبق سیکھ کر آگے بڑھیں، جہاں تک لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات ہے،ہر الیکشن میں درستی کی گنجائش رہی، اب بھی ہم یہی چاہتے ہیں۔