کاغذی لیموں

باغبانوں کو کاغذی لیموں کی کاشت مارچ تک مکمل کر نے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے باغبانوں کو فوری طور پر کاغذی لیموں کی کاشت شروع کر کے مارچ تک مکمل کر نے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے باغبانوں و کاشتکاروں سے کہا کہ کاغذی لیموں کی فروری و مارچ میں کاشت کیلئے معتدل آب وہوا انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے قبل درجہ حرارت کم ہونے کے باعث کاغذی لیموں کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے تاہم عام فصلوں اور پھلوں کی کاشت کیلئے موزوں زمین کاغذی لیموں کی کاشت کیلئے مناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال، ملتان،گجرات، سرگودھا، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان کے علاقے کاغذی لیموں کی کاشت کیلئے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ پنجاب کے علاوہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی لیموں کامیابی سے کاشت کیاجا رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ گرم موسم اور خشک علاقے جہاں درجہ حرارت 40سے47 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا جائے وہاں لیموں کی کاشت کامیابی سے نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ لیموں کے پودے لگانے کا بہترین وقت فروری تا مارچ ہے نیز اچھی بڑھوتری اور بہترین کوالٹی کیلئے زرخیز میرا زمین بھی لیموں کی کاشت کیلئے موزوں ہے مگر ریتلی، کلراٹھی، سیم تھور اور سخت تہہ والی زمین اس کی کاشت کیلئے مناسب نہیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ترشاوہ پھلوں کی افزائش نسل نباتاتی طریقہ سے کی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں کاغذی لیموں کی افزائش نسل ابھی تک بیج کے ذریعے کی جاتی ہے جس کی وجہ سے پھل کے خواص اور پیداوار پر برا اثر پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نباتاتی طریقے سے اس کی کاشت کیلئے موزوں روٹ سٹاک کی تلاش جاری ہے تاہم بیج کے علاوہ اس کی کاشت پیوند کاری، ٹی بڈنگ، ٹی گرافٹنگ اور بذریعہ داب بھی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیموں کے پودے بذریعہ قلم کامیابی سے کاشت نہیں ہو سکتے کیونکہ تیار شدہ پودوں کی جڑیں مضبوط نہیں ہوتیں اور پودے کمزور رہ جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں