لاہور(عکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر دور میں فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، پاکستان کی سرزمین کی خوبصورتی یہی ہے کہ یہاں سے باصلاحیت بولرز سامنے آئے ہیں،بس ان فاسٹ بولرز کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ اور محمد موسی خان ان کے دور میں بھی تھے، ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی ملا تھا، عاکف جاوید کو پہلی مرتبہ دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے، یہ سب نوجوان فاسٹ بولرز بہت اچھے ہیں، ان میں انرجی ہے اور صلاحیت بھی ہے، بس ان کی حفاظت کرنا ہو گی، انہیں گروم کرنے اور ان پر توجہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ان بولروں کو اچھے طریقے سے استعمال کرنا چاہیے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اب نسیم شاہ آگیا ہے تو عثمان شنواری کو بھول جائیں، یا دوسرے بولروں کو بھول جائیں، سب کو ساتھ لیکر چلیں اور انہیں تینوں فارمیٹ کی ضرورت کے مطابق موقع دیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی وہاب ریاض اور محمد عامر نے ریڈ بال کرکٹ چھوڑ دی ہے تو ایسے میں پیچھے نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ تیار رہنا چاہیے کہ کس کو موقع دینا ہے کیونکہ نوجوان فاسٹ بولروں کا مستقبل روشن ہے، یہ نوجوان فاسٹ بولرز 10 سے 15 برس تک خدمات انجام دے سکتے ہیں۔اظہر محمود نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں متوازن ہیں، پی ایس ایل کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور ان میں شاندار کھلاڑی شامل ہیں، لاہور قلندرز کی ٹیم نہیں جیت رہی تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کمزور ہے، ایک میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے دو سو سے زائد رنز کیے ہیں، ان میں ایسے بیٹسمین اور بولرز ہیں جو کسی بھی وقت ٹیم کو کامیابی دلا سکتے ہیں، لاہور قلندرز کو آسان نہیں لے سکتے۔