باسمتی چاول

باسمتی چاول کی برآمدات میں 87.35 فیصد ،مچھلی کی 49.81 فیصد کا نمایاں اضافہ

اسلام آباد(عکس آن لائن)رواں مالی سال 2019-20ئ کی پہلی سہ ماہی کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات میں 87.35 فیصد جبکہ مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں 49.81 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2019 کے دوران باسمتی چاولوں کی برآمدات 30 ہزار 718 ملین روپے تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 16 ہزار 396 ملین روپے کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران باسمتی چاولوں کی قومی برآمدات میں 14 ہزار 322 ملین روپے یعنی 87.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات 12 ہزار 506 ملین روپے تک پہنچ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران برآمدات کا حجم 8 ہزار 348 ملین روپے رہا تھا اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مچھلی اور مچھلی سے تیار کردہ مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 4 ہزار 156 ملین روپے یعنی 49.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ نئی منڈیوں کی تلاش سے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے اور سفارتی مشنز کاروباری وفود کے تبادلوں کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان کی نئی منڈیوں تک رسائی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں اس حوالے سے اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں