لاہور (عکس آن لائن)پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہمارے کپتان اب بھی بابراعظم ہیں، وہ آرام کررہے ہیں، بابر بادشاہ اور میں وزیر ہوں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں پی ایس ایل کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی سے شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے میڈیا سے گفتگو کی ۔
افغانستان کے خلاف سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ افغانستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی، ان کے کھلاڑی ہر جگہ لیگز کھیلتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے بہت پرجوش ہوں، جو مجھے آتا ہے کوشش کروں گا وہی کروں، نڈر کرکٹ کے ساتھ اسمارٹ کھیلنا ہوتا ہے یہی ماڈرن ڈے کرکٹ ہے۔اس دوران صحافی نے بابر اعظم کو سابق کپتان کہتے ہوئے سوال کیا جس پر شاداب خان نے فورا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم سابق کپتان نہیں وہ اب بھی ہمارے کپتان ہیں، وہ آرام کررہے ہیں،
بابر بادشاہ اور میں وزیر ہوں اور وزیر اس کی طرف سے جارہا ہے کھیلنے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بابر اعظم کی کپتانی پر شاہین آفریدی اور حارث روف نے دفاع کرتے ہوئے بابر کی تعریف کی تھی۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو آرام دے کر شاداب خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان بنانے کا اعلان کیا تھا۔