راولپنڈی (عکس آن لائن) پی ایس ایل فائیو کے لیگ میچز میں کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز بابر اعظم بیٹنگ کے میدان میں بازی لے گئے۔ 9 اننگز میں 49.28 کی اوسط سے 345 رنز بنا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ لاہور قلندرز کے کرس لین دوسرے اور بین ڈنک تیسرے نمبر پر ہیں۔
باؤلنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے سب سے زیادہ 15 وکٹیں لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی ملکی و غیر ملکی بلے بازوں پر سبقت لے گئے ہیں۔ انہوں نے 10 میچز کی 9 اننگز میں 49.28 کی اوسط سے 345 رنز بنائے ہیں جس میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
لاہور قلندرز کے کرس لین نے 8 اننگز میں 284 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک ففٹی شامل ہے۔ لاہور قلندرز کے بین ڈنک 266 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ باؤلنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 9 میچوں میں 15 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے۔ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی 13 وکٹیں لے کر دوسرے اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض 11 وکٹیں لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔