وزیر خارجہ

بابائے قوم کے وژن کی روشنی میں نفرت کی سوچ کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے جمہوریت، مساوات، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی سے متعلق تصورات کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ آج قومی حالات کا جائزہ لینے اور بابائے قوم کے سیاسی اصولوں اور ویژن کی روشنی میں ملکی سیاست سے جھوٹی انا، ذاتی مفاد پرستی اور نفرت کی سوچ کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں تمام پاکستانیوں کو بابائے قوم کی 146ویں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کی آئین و قانون پسندی کی پیروی کریں اور ملک کی بے لوث خدمت اور بھرپور لگن و جذبے سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں بابئے قوم کے نظریے و ویژن کی روشنی میں سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد کرنا اور ملک و قوم کی خدمت کرنا سکھایا۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی قیادت کی جانب سے قائدِاعظم کے پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے 1973ع کا متفقہ آئین، زرعی اصلاحات، جوہری پروگرام، میزائیل ٹیکنالاجی، انسدادِ پولیو اقدامات، لیڈی ہیلتھ ورکرز منصوبہ، اٹھارویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ جیسے بیشمار تاریخی اقدامات قوم کو ہمیشہ یاد رہیں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان آج بھی اپنے بانی قائداعظم کی اس خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے کہ ہم سب سے دوستی کے خواہاں ہیں اور کسی بھی ملک کے خلاف ناپسندیدہ عزائم نہیں رکھتے، لیکن اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق جبر سے دوچار اقوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت سے کبھی گریز نہیں کرے گا۔پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی پاسداری کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں