کراچی(عکس آن لائن)بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا145واں یوم پیدائش ملی یکجہتی اور قومی جوش وجذبے سے منایاگیا،گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا،قبل ازیں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تفصیلات بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا145واں یوم پیدائش جمعہ کوملی یکجہتی اور قومی جوش وجذبے سے منایاگیا۔ اس دن کی نسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیاگیا۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا،جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی اورصوبائی دارالحکومت کراچی میں توپوں کی سلامی دی گئی ۔بانی پاکستان محمد علی جناح کے 145 ویں یوم پیدائش پر گورنرسندھ عمران اسماعیل و وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزارقائد پر حاضری دی۔وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے گورنر عمران اسماعیل کا استقبال کیا۔ گورنر اوروزیراعلی سندھ کی مزار پر آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا۔
عمران اسماعیل اور مراد علی شاہ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔قبل ازیں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا نعقاد کیاگیا۔ تقریب میں اعلی فوجی وسول حکام کیساتھ لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول میجر جنرل عمربخاری نے بطورمہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا۔کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مزارقائدپرپھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی، بانی پاکستان کو اعزازی سلام بھی پیش کیا گیا، مہمان خصوصی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل احسن چوہدری ،ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد، کمشنرکراچی نویدشیخ اور دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیاجبکہ بابائے قوم کے یوم پیدائش پرانھیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں شہریوں نے مزارقائد پر آمدحاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔