کراچی (عکس آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے کہاہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا،باڈی شیمنگ حقیقی مسئلہ ہے، بیٹی کی پیدائش کے وقت جب مارننگ شو ہوسٹ کرتی تھی تب کپڑے تلاش کرنا بہت مشکل ہوگیا تھا۔ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صنم جنگ نے کہا کہ باڈی شیمنگ ایک حقیقی مسئلہ ہے، بیٹی کی پیدائش کے وقت جب مارننگ شو ہوسٹ کرتی تھی تب کپڑے تلاش کرنا بہت مشکل ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزائنر صرف ایک مخصوص سائز کے کپڑے ہی ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں اور جب کوئی اس سائز میں فٹ نہیں آتا تو وہ آپ کیلئے کپڑے نہیں بنانا چاہتے کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے کپڑے صرف ایک مخصوص سائز کی ماڈلز پر ہی اچھے لگ سکتے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد جب سوشل میڈیا پر کمنٹس پڑھتی تو بہت دکھ ہوتا تھا، کئی بار لوگ بالواسطہ آپ کو احساس دلاتے ہیں کہ آپ کا وزن بڑھ گیا ہے پھر جب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ٹرول کیا جاتا تو سوچتی تھی کہ اب مجھے سکرین پر مزید کام نہیں کرنا۔اس مشکل وقت میں میرے گھر والوں خاص طور سے شوہر قاسم نے بہت ساتھ دیا اور احساس دلایا کہ میں اب بھی خوبصورت ہوں۔