لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی کارکردگی، حاصل کردہ اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا-مینجنگ ڈائریکٹر پیسک جمیل احمد جمیل نے ادارے کی کارکردگی، پنجاب روزگار سکیم پر پیش رفت اور آئندہ کی ترجیحات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان قرضوں کی فراہمی اگلے ہفتے شروع ہوجائے گی،
آئندہ ہفتے منعقد ہونے والی تقریب میں درخواست گزاروں کوقرضوں کے چیک تقسیم کئے جائیں گے ،سکیم کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے روزگار کی فراہمی کے ویژن کے مطابق 30ارب روپے سے زائد مالیت کی پنجاب روزگار سکیم کا اجرا کیا گیا ہے اور اس سکیم کے تحت 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کو اپناکاروبار شروع کر نے کے لئے وسائل میسر آئیں گے سکیم کے تحت کرونا سے متاثرہ کاروبار پرقرضہ ترجیحی بنیادوں پر دیا جارہا ہے ۔صوبائی وزیر نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیسک گزشتہ اڑھائی سال کے دوران حاصل کردہ اہداف اور پیدا کردہ روزگار کے مواقع بارے جامع پریزینٹیشن تیار کر یپیسک سیلف سسٹینن ایبل ماڈل بنائے اور آئندہ 3 سالوں کا پلان بھی دے۔سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ٹیوٹا حکام کے علاوہ متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔