الیکشن کمیشن

ایک صحافی کے سوالات پر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے جوابات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا،ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد (عکس آن لائن) ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ ایک صحافی کے سوالات پر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے جوابات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔ جاری بیان کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے آفیشلی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ترجمان کے مطابق صحافی کو سوالات کے جوابات معلومات کیلئے دئیے گئے جنہوں نے الیکشن کے حوالے سے قانون اور رولز پر سوالات کیے تھے اور ایک صوبائی و اسمبلی حلقے کے الیکشن پر خرچے کے حوالے سے بھی استفسار کیا تھا۔قبل ازیںنجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہاگیاکہ صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے پر قومی نہیں بلکہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کا الیکشن دوبارہ ہوگا، جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے، ان کی نشستوں پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کرا دیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر تقریباً 5 سے 7 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہوگا، ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہے تاہم قانون کے پابند ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں حلقہ بندیاں کرنا اور مختلف حصوں میں بلدیاتی انتخابات بھی مشکل کام تھا جو ہم نے کیا، قانون کے مطابق اگر مشکل بھی ہے تو انتخابات کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے دوبارہ انتخابات پر کم از کم ساڑھے 22 ارب روپے کا خرچ آئے گا، اسمبلیوں کے تحلیل ہونے پر الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں میں 411 حلقوں میں ضمنی انتخاب کرانا ہوگا۔خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے نکلنے کے بیان نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، پارٹی چیئرمین کے اس بیان کے بعد فواد چوہدری نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی 123 نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں، خیبر پختونخواہ کی 115 نشستوں، سندہ اسمبلی کی 26 اور بلوچستان کی 2 نشستوں یعنی کل 563 نشستوں پر عام انتخابات ہوں گے۔پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عمران خان صوبائی اسمبلیوں سے نکل آئے تو 567 نشستیں خالی ہوجائیں گی جس کے بعد اپریل میں عام انتخابات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں