چارسدہ (عکس آن لائن)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایک سال کے اندر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، ملک میں ترقی کا عمل شروع ہو گیا ہے،پاکستانی عوام ٹیکس نہیں دیتی ، ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوگی اور اگر ہم اپنے پاﺅں پر کھڑے نہیں ہوئے تو یورپ کے غلام رہیں گے۔ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو خالی خزانہ ملا اور اگر عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو عوام کی فلاح کے منصوبے کیسے بنیں گے، ٹیکس ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ترقی کا عمل شروع کر دیا ہے اور تحریک انصاف اگر روایتی سیاست کرتی تو تبدیلی نہیں آ سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے، ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے، صحیح معنوںمیں عوام کی خدمت کرنی ہے جبکہ ہمارے دور میں بننے والے ترقیاتی منصوبوں اور دوسرے منصوبوں میں زمین آسمان کا فرق ہے، صرف نعروں اور آوازوں سے بات نہیں بنتی عوام کی خدمت سے بات بنے گی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پر مہنگائی کا الزام لگانے والوں نے قومی خزانے میں کیا چھوڑا تھا، ہم قرضوں میں ڈوب گئے، ملک کو ایکسپورٹ اور انپورٹ کےلئے 20ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے اور جب تک ہم اپنے پاﺅں پر کھڑے نہیں ہوں گے یورپ کے غلام رہیںگے، پاکستان ایک سال کے اندر ترقی کے راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی ٹیکس نہیں دیتا، عوام پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، ماضی میں کسی نے مذہب، کسی نے پختون اور کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، اب پاکستان کی واحد امید صرف وزیراعظم عمران خان ہیں