کیوٹو(عکس آن لائن)جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے سب سے بڑے شہر گوایاکل میں نئے نوول کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ متعدد لاشیں گھروں کے باہر اور گلیوں میں رکھی ہیں۔لگ بھگ 30 لاکھ افراد کے اس شہر کو اب ایکواڈور میں وبا کا مرکز قرار دیا جارہا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں کہ کتنے افراد کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ، کیونکہ بیشتر افراد میں اس کی علامات تو موجود تھیں مگر ان کا ٹیسٹ نہیں ہوا تھا۔ ایک شخص کی لاش گھر کے کمرے میں موت کے بعد 4 دن تک رکھی رہی۔اس 72 سالہ شخص کے خاندان کو آخری رسومات کے لیے ایمرجنسی سروسز اور تدفین کے انتظامات کرنے والے ادارے مل نہیں سکے کیونکہ اموات میں اضافے سے دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔اس شخص کو سانس کی تکلیف پر ہسپتال لے جایا گیا تھا اور شبہ تھا کہ کورونا وائرس کا شکار نہ ہو، مگر جگہ نہ ہونے پر اسے گھر واپس بھیج دیا گیا۔ایکواڈور کے 70 فیصد کورونا وائرس کے کیسز اسی شہر میں سامنے آئے ہیں۔
ایک راہ گیر گلی میں اپنے گھر کے سامنے چل بسا اور لاش وہاں پڑی رہی۔اس لاش کو پلاسٹک سے ڈھانپ دیا گیا مگر 6 دن سے وہاں رکھنے رہنے پر پھول گئی اور مقامی افراد کے مطابق وہ یہ منظر دیکھ کر بہت خوفزدہ ہیں۔