اسلام آباد(عکس آن لائن) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقے میں دوبارہ ضمنی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کر لی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور قتل و غارت ہوئی اور این اے 75 کے ضمنی انتخابات میں ماحول خراب کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں 18 مارچ کو دوبارہ ضمنی انتخاب کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے تھے کہ 20 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ چھوڑ کر نوشین افتخار جیت رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے وکیل کا کہنا تھا کہ جیت تو رہے ہیں لیکن پورے حلقے میں ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا۔ یہ بالکل واضح دھاندلی کی اسکیم تھی۔
تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنے وکیل علی ظفر کے ذریعے مؤقف پیش کیا کہ فائرنگ ہر الیکشن میں ہوتی ہے اس لئے شکایت نہیں کی، ہر علاقہ کے ووٹرز کی مرضی ہے ووٹ ڈالیں یا نہ ڈالیں، حلقے میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی نہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا۔