لاہور(عکس آن لائن) سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی بحالی کے لیے کوشش کر رہا ہوں، اسے لفنگوں، قبضہ گیروں کے ہاتھوں سے لے کر نوجوانوں کے ہاتھ میں دینا ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نے کہا کہ کراچی کو لفنگوں نے خراب کیا ہے اور ایم کیو ایم بھی لفنگوں، قبضہ گیروں کے ہاتھوں میں چلی گئی ، نوجوان چاہتے ہیں کہ سیاسی قائدین ان پر اعتبار کریں، نوجوان نسل کو کم از کم 75 فیصد نمائندگی ملنی چاہیے، بلدیاتی انتخاب میں 25 سے 35 فیصد نوجوانوں کو ٹکٹیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے، ان کے علاج کے لیے شرطیں یا حیل و حجت مناسب نہیں ۔وزیر اعظم کے مطابق بھی نواز شریف کی طبیعت انتہائی خراب ہے تو ان کے لیے رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمن کے مختلف شہروں میں جاری احتجاجی دھرنوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ مولانا کی اگلی نسل ہوائی جہاز کو بھی کہیں نہ کہیں روک لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں پچھلی دفعہ لاہور آیا تھا تو جاتی امرا گیا تھا،مگر نواز شریف صاحب سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی صرف شہباز شریف سے ملا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کو بھی کچھ سیکھ لینا چاہیے، ذمے داری کا ثبوت دینا چاہیے، موجودہ ملکی صورتحال میں فضل الرحمن اور وزیراعظم دونوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے، ڈالر مہنگا ہوتا جا رہا ہے،آج وزیراعظم سمیت کوئی بھی وزیر اپنے حلقے سے الیکشن لڑ کر دیکھ لے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔
#/S