اسلام آباد (عکس آن لائن) ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اسکینڈل میں مزید ہوشربا انکشافات سامنے آ نے لگے ،
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ میں کم از کم 800 امیدواروں کو نقل کی سہولت فراہم کی گئی، اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کی پولیس نے نقل اسکینڈل میں ملوث گروہ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ سرغنہ سمیت نو افراد کو حراست میں لیا ہے ،تفتیشی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس گروہ کی بدولت بظاہر اس امتحان کی ساکھ متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ امتحان میں شامل طالب علموں کو بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرانے کے لیے 25 لاکھ روپے سے 35 لاکھ روپے تک رقم وصول کر رہا تھا۔پولیس نے پشاور سمیت دیگر اضلاع میں کی جانے والی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے افراد سے 44 الیکٹرانک ڈیوائسز، چار عدد مائیکروفون، تین عدد موبائل فون، ایک سمارٹ واچ اور لاکھوں روپے کا ایک بینک چیک بھی برآمد کیا ہے۔