لاہور(عکس آن لائن) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ ایمن خان نے کہا ہے کہ اداکار فیروز خان کی جانب سے میری ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ایک گھٹیا حرکت ہے جس پر میں اداکار کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں اداکارہ ایمن خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میری ذاتی معلومات بشمول میرا ذاتی فون نمبر سوشل میڈیا پر لیک ہو گیا، یہ ایک انتہائی شرمناک فعل تھا جو فیروز خان نے جان بوجھ کر قانونی نوٹس جاری کرنے کے مضحکہ خیز بہانے سے کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ فیروز خان کے اس عمل نے مجھے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ مجھے سینکڑوں کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں، مجھے متعدد نمبروں سے ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا اور دھمکیاں دی گئیں، میری اور میرے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ایمن کا کہنا تھا کہ میں فیروز خان کے خلاف سوشل میڈیا پر اپنی نجی معلومات لیک کرنے پر کئی دیگر مشہور شخصیات کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کروں گی۔خیال رہے کہ 17 جنوری کو فیروز خان نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں کے خلاف ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے، اداکار کی پوسٹ کیساتھ چند دستاویزات کی تصاویر بھی تھیں جن میں ساتھی فنکاروں کی حساس معلومات واضح ہو رہی تھیں۔