حسن روحانی

ایران کے خلاف امریکہ کی پابندیاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی: حسن روحانی

تہران(عکس آن لائن)ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی پابندیوں کا تسلسل انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایک اجلاس میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی غذائی اور ادویات کی پابندی غذائی اور طبی دہشتگردی ہے۔

ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ اور ظالمانہ پابندیوں نے جو ادویات اور میڈیکل کی دیگر اشیا پر مشتمل ہے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایرانی عوام کو مسائل و مشکلات سے دوچار کیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے 12 مارچ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک مراسلے میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایران کیخلاف امریکہ کی غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے گزشتہ ہفتے کے دوران اقوام متحدہ کی اعلی کونسل برائے انسانی حقوق کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ تمام ممالک کیخلاف عائد پابندیوں کو اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام ممالک سے کوویڈ-19 کی روک تھام میں ایران سے تعاون کرنے کی اپیل کی تھی۔

علاوہ ازیں ایران کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ٹیلی فونک گفتگو میں یمن میں جنگ بندی کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی خبررساں ادارے فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریش کے ما بین اتوار کی رات ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمن میں جنگ بندی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور کوششوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے یمن میں جنگ بندی کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یمنی بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے پائیدار جنگ بندی کو یمنی بحران کے سیاسی حل کا پیش خیمہ قرار دیا۔جواد ظریف نے افغانستان کے سیاسی بحران کے حل اور افغان امن عمل کی پیشرفت میں ایران کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ دونوں میں اشرف غنی، عبداللہ عبداللہ اور حنیف اتمر سے اپنے ٹیلی فونک رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ہفتہ کی رات بھی یمن کی تازہ ترین صورتحال اور ایران مخالف امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں سے متعلق بات چیت کی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں